top of page

علامہ جوادی اعلی اللہ مقامہ ہندوستان کی بہت معروف علمی شخصیت ہیں ، آپ نے وطن کی ابتدائی تعلیم کے بعد لکھنؤ کی اعلی دینی درسگاہ مشارع الشرائع جامعۂ ناظمیہ میں قابل و مستند اور جیّد علماء سے کسب فیض کیا اور اس کے بعد مزید اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے لئے راہیٔ دیارِ نجف اشرف ہوئے جہاں باب العلم کی عنایات سے بہرہ مند ہوئے۔ آیات عظام و مراجع کرام مخصوصاً آیۃ اللہ خوئی ؒ اور آیۃ اللہ شہید محمد باقر الصدرؒ کے سامنے زانوئے تلمذ تہہ کرکے درس اجتہاد سے فیض یاب ہوئے اور اخلاق نبوی و کردار علوی کے زیور سے آراستہ ہو کر وطن مالوف واپس ہوئے، علوم قرآن و حدیث کے ساتھ ساتھ سماجیات و اقتصادیات پر اچھی گرفت تھی۔ خدا داد ذہانت و فطانت ، بلا کے حافظہ و استعداد اور اپنے علمی بلوغ و نبوغ کی وجہ سے بر صغیر میں ‘‘علامہ’’کے لقب سے ملقب ہوئے۔ عربی زبان پر عبور اور تکلم کی وجہ سے عربوں میں بھی مجالس و تقاریر کا سلسلہ رہتا تھا، فارسی و خصوصاً عربی کا اردو زبان میں نہایت سرعت کے ساتھ ترجمہ کرتے تھے۔ ترجمۂ قرآن، ترجمۂ نہج البلاغہ، اور ترجمۂ صحیفۂ سجادیہ اور ترجمہ مفاتیح الجنان آپ کی زبان دانی اور علمی معیار کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔ آپ کی تصنیف کردہ نقوش عصمت، ذکر و فکر، اصول و فروع، امام جعفر صادقؑ اور متعدد تصنیفات و تالیفات اور بہیترے مقالات و مضامین اور کتابچے اہل مطالعہ و صاحبان علم کی توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں۔ذاکرین و اہل منبر نیز مومنین آپ کی مجلسوں کی کتابوں سے استفادہ کرتے ہیں۔ آپ شعر گوئی میں بھی استادانہ صلاحیت کے مالک تھے، آپ کے اشعار کے مجموعے مقبول خاص و عام ہیں۔ آپ کا تخلص کلیم تھا۔ آپ نے صحیفۂ سجادیہ کا ترجمہ سلیس ، رواں اور ایسا عام فہم کیا ہے کہ قاری کے ذہن کو امام معصومؑ کے جملوں پوشیدہ معانی و مفاہیم سے قریب کردیا ہے۔ کتاب ہٰذٰا عمدہ کاغذ، بہترین ٹائٹل اور دیدہ زیب رنگین طباعت سے آراستہ ہے۔ مومنین کرام حضرت سید الساجدین علیہ السلام کے انداز دعا، سلیقۂ مناجات اور آداب بندگی سے ضرور آشنا ہوں۔ اس کتاب کی قرائت و مطالعۂ ترجمہ کو اپنا روزانہ کا معمول بنائیں اور اپنے قلب و روح کو اس کے بلند و بالا مفاہیم و مطالب کے انوار سے منور فرمائیں۔

صحیفۂ سجادیہ(عربی متن مع ترجمہ)

₹450.00मूल्य
मात्रा
    bottom of page